اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - وہ قوت جس کے وسیلے سے انسان برے بھلے کی تمیز اور دقائق اشیا کو حل کرے، خرد، سمجھ، فہم، دانش۔
"ہر ایک فرد عقل، طاقت و جاہت بلکہ شعور تک میں بھی برابر نہیں ہوتا۔"
( ١٩٨٤ء، مقاصد و مسائل پاکستان، ١٢٤ )
٢ - [ فلسفہ ] دس فرشتوں (عقول عشرہ) میں سے ایک فرشتہ۔
"حکماء واجب اور تمام ممکنات کے درمیان عقل کو واسطہ قرار دیتے ہیں۔"
( ١٩٤٠ء، اسفار اربعہ، ٧٥٦:١ )
٣ - [ تصوف ] عالم تمیز۔ (مصباح التعرف)
٤ - [ عروض ] زحافات مرکب ملقبہ میں سے ایک زحاف، یہ اجتماع عصب وقبض ہے۔ جس رکن میں پہلے و تد مجموع ہو پھر سبب ثقیل پھر سبب خفیف تو پہلے اس رکن کے حرف پنجم کو ساکن کرنا پھر اسی کو گرا دینا۔ عقل والے رکن کو معقول کہتے ہیں۔
رکن وافر میں عقل اگر آئے صاف لام ثقیل گر جائے
( ١٨٧١ء، قواعد العروض، ٦٠ )
٥ - اونٹ کے پاؤں میں رسی باندھنا۔ (فرہنگ آصفیہ)
١ - عقل پر پتھر پڑنا
عقل کا ستیاناس ہو جانا، عقل جاتی رہنا، کچھ سمجھ میں نہ آنا۔"بیوی نے بگڑ کر کہا، کیا تمہاری عقل پر پتھر پڑ گئے ہیں۔"
( ١٩٥٤ء، پیرِ نابالغ، ١٠٨ )
٢ - عقل ٹھکانے لگانا
دماغ درست کر دینا۔"مجھے بذریعہ تار بلایا گیا، میاں کی عقل ٹھکانے لگا دوں گی۔"
( ١٩٥٨ء، شمع خرابات، ٣٥ )
٣ - عقل چرنے جانا
عقل کا غائب ہونا (کسی بے عقلی کے فعل پر مزاجاً کہتے ہیں)، ہوش و حواس ٹھکانے نہ رہنا۔"انہوں نے چلتے وقت بنگلہ کے متعلق جو کچھ فرمایا وہ بالکل بے محل، غیر ضروری اور نامناسب تھا، اس وقت ان کی عقل چرنے چلی گئی تھی۔"
( ١٩٨٩ء، قومی زبان، اگست، ٤٦ )
٤ - عقل دوڑانا
غور کرنا، سوچ بچار کرنا، سمجھ سے کام لینا۔"لوگوں نے بہت کچھ عقلیں دوڑائیں مگر کسی کو ٹھیک پتہ نہیں ملا کہ خواب ہے کیا چیز۔"
( ١٨٩٩ء، رویائے صادقہ، ٣ )
٥ - عقل گدی میں ہونا
بے وقوف اور احمق ہونا۔'خاص کر ہندوستانی عورتوں کی عقلیں وہ گدی کے پیچھے ہوا کرتی ہیں کہ خدا کی پناہ۔"
( ١٩٢٠ء، ارمان،٧١ )
٦ - عقل گھاس کھا جانا
عقل کا گھاس کھا جانا، عقل جاتی رہنا، ہوش ٹھکانے نہ رہنا، بدحواس ہو جانا۔"ان کی تو جیسے عقل گھاس کھا گئی ہے۔"
( ١٩٣٦ء، پریم چند، واردات، ٣٧ )