اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - انسان کے منہ سے جو آوازیں نکلتی ہیں ان آوازوں کو تحریر میں لانے کے لیے مقرر علامات اور نشانات، حروف تہجی۔
"الف اپنے بعد والے حرف سے مل کر کبھی نہیں آتا"
( ١٩٧٧ء، اردو املا اور رسم الخط، ١٧ )
٢ - لفظ۔
میرے ہی خدوخال ہیں میرے تمام حرف میں نے کیا خود اپنا تماشا کتاب میں
( ١٩٧٩ء، جزیرہ، ٢٨ )
٣ - بات، سخن، کلام۔
کہیں پیامِ زبانی خطوں سے بہتر ہے یہ حرف کان میں قاصد کے میں نے ڈال دیا
( ١٩٢٧ء، شاد عظیم آبادی، میخانۂ الہام، ٩٥ )
٤ - نقص، عیب، اعتراض، نکتہ چینی۔
لکھنے پر اس کے کس کی زباں پر ہے جائے حرف شکوہ کریں عبث ہیں جو لوح و قلم سے ہم
( ١٧٨٦ء، حاتم، دیوان زادہ (ق)، ١٢٨ )
٥ - شک، شبہ، کلام کی گنجائش۔
ہے حرف کامیابئی دشمن میں ہمنشین مت کہہ درست و ہم غلط کار ہے غلط
( ١٨٥١ء، مومن، دیوان، ٧٣ )
٦ - حیف، افسوس، حسرت۔
پیری میں ہے حرف زندگی پر جو قد خمیدہ ہے وہ لا ہے
( ١٨٣٦ء، ریاض البحر، ٢٢٩ )
٧ - [ قواعد ] وہ کلمہ جو تنہا کچھ معنی نہیں دیتا جب تک کہ اس کے ساتھ کوئی اور کلمہ نہ ملے، سے "میں" "پر" "تک" "کو" وغیرہ حرف ہیں۔
"عربی زبان کے قواعد نویسوں نے اسم، فعل، حرف، کلمہ کی صرف تین قسمیں کی ہیں"
( ١٩٧٢ء، اردو قواعد، ڈاکٹر شوکت سبزواری، ٨ )
٨ - قرت۔
"رسول اللہ (صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم) نے فرمایا مجھکو جبرئیل نے قرآن پڑھایا ایک حرف پر پھر میں نے ان سے دوہرا کر پڑھوایا پس میں برابر زیادہ پڑھواتا رہا اور وہ زیادہ کرتے گئے یہاں تک کہ سات حرف یعنی (قراۃ) تک پہنچے"
( ١٨٧٠ء، خطبات احمدیہ، ٤٣٦ )
٩ - [ تصوف ] اوسکو کہتے ہیں جس سے خداوند تعالٰی خطاب فرمائے۔ (مصباح التصرف، 100)
١٠ - کنارہ، سرا، پہاڑ کا بالائی حصہ، چٹان، چوٹی، قلم کا سرا جس میں ٹیڑھا قط، ٹیڑھا لکھنا۔ (جامع اللغات)